ایک تحقیق کے مطابق جدید دنیا میں تقریباً تین کروڑ ساٹھ لاکھ انسان غلام ہیں، ان میں سب سے زیادہ انسان بھارت میں غلامانہ زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔عالمی سطح پر غلامی کی صورت حال پر نگاہ رکھنے والے غیر سرکاری ادارہ گلوبل سلیوری انڈیکس GSI کے مطابق دنیا بھر میں گزشتہ سال کے مقابلے میں غلامی تقریباً 20 فیصد بڑھی ہے،اور بھارت میں غلام کی زندگی بسر کرنے والوں کی تعداد
تقریباایک کروڑ تینتالیس لاکھ ہے۔ آسٹریلیا میں قائم غیر سرکاری تنظیم واک فری (Walk Free) کا کہنا ہے کہ یہ تصور غلط ہے کہ غلامی گزرے زمانے کی بات ہے یا پھر یہ جنگ زدہ یا غریب ملکوں میں پائی جاتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق غلامی کے جدید طریقوں میں کھیتوں میں کپاس کے پھول چُننا، افیون و گانجے کی کاشت، زبردستی جسم فروشی، جنگوں کے لیے افراد کی بھرتی یا امراء کے گھروں میں صفائی ستھرائی بھی شمار ہوتے ہیں۔